پنجی،30؍اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) ترنمول کانگریس کی صدر اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی گوا کے دورے پر ہیں۔ اس دوران ممتا نے جمعہ کو بی جے پی کونشانہ بنایا،انہوں نے گوا کے لوگوں سے کہا کہ میں یہاں آپ کا اقتدار چھیننے نہیں آئی، بلکہ میں آپ کی مدد کرنے آئی ہوں۔ مرکز پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بنرجی نے کہا کہ دہلی کی داداگیری نہیں چلے گی۔ بنرجی کی موجودگی میں نفیسہ علی اور مرنالنی دیش پربھو نے آج ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ دہلی کی داداگیری نہیں چلے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی ڈھانچہ مضبوط ہو۔
ہم گوا کی ثقافت اور ورثے کی حفاظت کے لیے اسے مکمل تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ سراٹھاکر اور فخرکے زندگی گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ میرے مذہب پر مجھے کیریکٹر سرٹیفکیٹ دینے والی بی جے پی کوئی نہیں ہوتی ہے۔ میں ایک قابل فخر ہندو ہوں (مجھے ہندو ہونے پر فخر ہے)۔انہوں نے کہا کہ بنگال بہت مضبوط ریاست ہے۔ ہم مستقبل میں گوا کو بھی ایک مضبوط ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
ہم گوا کی نئی صبح دیکھنا چاہتے ہیں۔ کوئی پوچھ رہا تھاممتا جی گوا میں کیا کریں گی؟ کیوں نہیں؟ میں ہندوستانی ہوں، میں کہیں بھی جا سکتی ہوں۔ آپ کہیں بھی جاسکتے ہیں۔گوا میں پارٹی لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ میں سیکولرازم پر یقین رکھتی ہوں، میں اتحاد پر یقین رکھتی ہوں، میں مانتی ہوں کہ ہندوستان ہمارا مادر وطن ہے، اگر بنگال میرا مادر وطن ہے تو گوا بھی میرا مادر وطن ہے۔